حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں وکشمیر ضلع پونچھ ہرونی گورسائی میں واقع مسجد امام جعفر صادق علیہ السلام میں جعفری سنٹر کی طرف سے امام راحل رحمۃ اللّٰہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید نامدار عباس نے خطاب کیا۔
مولانا نامدار صاحب نے امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی انقلابی اور عملی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انقلابِ اسلامی ایران نے پوری دنیا کو متاثر کیا اور دنیا بھر کی مظلوم انسانیت کو ظلم و استداد کے خلاف آواز بلند کرنے اور ظالم کے ظلم کو آشکار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مظالم سے چھٹکارا پانے کی رہنمائی کی اور ایسی نظیر و مثال قائم کی کہ جو رہتی دنیا تک ظلم و بے انصافی کے خلاف صف بستہ ہونے کیلئے درس و سبق کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
مجلس کے آغاز میں متعدد شعراء نے اہلبیت علیہم السّلام کی شان میں نعت و سلام اور امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔
امام خمینی رحمۃ اللّٰہ علیہ کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ اس مجلس عزاء میں کثیر تعداد میں علماء، شعراء اور مومنین نے شرکت کی۔